کراچی: سربراہ عوامی راج پارٹی اقرارالحسن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیشن عدالت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مبینہ مواد کی تشہیر کے مقدمے میں عوامی راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کی ضمانت منظور کر لی ۔
عدالت نے صحافی اقرار الحسن کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے 22 اکتوبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے ان کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی تھی۔
اس سے قبل 19 اکتوبر کو کورٹ نے این سی سی آئی اے (NCCIA) کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کو رد کرتے ہوئے اقرار الحسن کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا اور متعلقہ ادارے کو 14 دنوں کے اندر کیس کا چالان جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ اقرار الحسن کو لاہور کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان پر سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف مواد نشر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

