کوئٹہ: پہلی بار اے آئی حاضری نظام متعارف کرادیا گیا ، جس کے تحت غیر حاضری پر برطرف ملازمین کی تعداد 200 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے محکمہ صحت میں تاریخ میں پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) پر مبنی حاضری کا جدید نظام متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت فرائض سے مسلسل غیر حاضر رہنے والے مزید 72 ڈاکٹروں کو نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر برطرف ملازمین کا باقاعدہ اعلامیہ بھی پوسٹ کر دیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ محکمہ صحت میں غیر حاضری پر برطرف کیے گئے ملازمین کی مجموعی تعداد اب 200 تک پہنچ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی پر غیر حاضر ملازمین کی تنخواہوں سے 41 کروڑ روپے سے زائد کی کٹوتی کی جا چکی ہے، جبکہ فرائض میں غفلت برتنے پر 11 ہزار ملازمین سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ 800 کے قریب سرکاری ملازمین کے خلاف مختلف محکمانہ کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں اور انہیں اپنی ذمہ داریاں مکمل دیانتداری کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔
انہوں نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ “کسی بھی سرکاری ملازم کو گھر بیٹھ کر مفت تنخواہ لینے کی اجازت بالکل نہیں دی جائے گی اور عوامی خدمت میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی”۔

