اسلام آباد (25 اکتوبر 2026): وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے سرکاری اسکولوں اور مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طلبہ کو کروم بکس کی فراہمی کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر یہ طلبا و طالبات پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اے پی پی کے مطابق کنونشن سینٹر اسلام آباد میں طلبہ کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی فراہمی کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صرف اور صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلبہ میں یہ کروم بکس تقسیم کی جا رہی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ انہیں کروم بکس اور کتابوں کیلیے بیگ اور انٹرنیٹ مائی فائی بھی دیا جا رہا ہے تاکہ گھر کے اندر بیٹھ کر بھی وہ ای لائبریری سے استفادہ حاصل کر سکیں اور دنیا سے جہاں چاہیں علم کے حصول کیلیے اس کے ذریعے مستفید ہو سکیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ توقع ہے کہ ان جدید آلات کی مدد سے یہ طلبہ ممتاز اور قابل ترین افراد میں شمار ہوں گے، ماضی میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں کو قابلیت اور میرٹ کی بنیاد لیپ ٹاپ دیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے مستحق اور یتیم بچے مستفید ہوئے کیونکہ ذہانت اور محنت کسی امارت یا غربت کی پابند نہیں ہونی چاہیے، اس کی بنیاد صرف اور صرف محنت ہونی چاہیے، ماضی میں چھ لاکھ لیپ ٹاپ دس سال میں تقسیم کیے گئے لیکن اب یہ کروم بکس ہونہار طالب علموں کو دو سال کے قلیل عرصہ میں فراہم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے ہم نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کیا، ملک بھر میں اس وقت 27 دانش اسکول زیر تعمیر ہیں، یہ اسکول معیاری تعلیم کے حوالہ سے نمایاں مقام رکھیں گے، تدریس، اساتذہ کے حوالہ سے یہ ادارے ممتاز ہوں گے جہاں پر کلاس روم میں اسمارٹ بورڈ اور اسکولوں میں ای لائبریریز کی سہولت ہوگی۔

