• Home  
  • یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف کتنے روپے فی یونٹ ہوگا؟
- پاکستان

یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف کتنے روپے فی یونٹ ہوگا؟

اسلام آباد:ملک میں یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف 27.31 روپے فی یونٹ مقرر ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ سال بجلی کی خریداری کی قیمت کے تعین کے لیے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں درخواست دائر کردی، جس میں سال 2027 کے لیے بجلی خریداری کے 6 […]

بجلی

اسلام آباد:ملک میں یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف 27.31 روپے فی یونٹ مقرر ہونے کا امکان ہے۔

آئندہ سال بجلی کی خریداری کی قیمت کے تعین کے لیے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں درخواست دائر کردی، جس میں سال 2027 کے لیے بجلی خریداری کے 6 مختلف ٹیرف تجویز کیے گئے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا جنوری سے دسمبر 2027 تک بجلی کی خریداری کے لیے کم از کم 3 ہزار 386 ارب 86 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پاور پرچیزنگ پرائس کے بنیادی منظرنامے کے تحت بجلی کی خریداری کی قیمت 27 روپے 30 پیسے فی یونٹ تجویز کی گئی ہے، جبکہ آئیڈیل منظرنامے میں یہ قیمت 25 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

درخواست میں خراب منظرنامے کے تحت بجلی کی خریداری کی قیمت 28 روپے 83 پیسے فی یونٹ اور خراب ترین منظرنامے میں 29 روپے 25 پیسے فی یونٹ تجویز کی گئی ہے۔

اس کے ساتھ درآمدی ایل این جی اور گیس مکس کی صورت میں بجلی کی خریداری کی قیمت 26 روپے 44 پیسے فی یونٹ رہنے کا تخمینہ ہے۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق سال 2027 کے لیے بجلی کی خریداری میں کیپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ کم از کم ایک ہزار 914 ارب 44 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ تخمینہ ایک ہزار 962 ارب روپے ہے۔

نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 3 نومبر کو سماعت کرے گا، جس کے بعد جنوری سے دسمبر 2027 تک بجلی کی خریداری کے ٹیرف سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

نیپرا کے مطابق رواں سال 2026 کے لیے بجلی کی خریداری کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 3 ہزار 185 ارب روپے مقرر ہے، جبکہ فی یونٹ بجلی خریداری کی قیمت 25 روپے 32 پیسے ہے۔

رواں سال دسمبر تک کیپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ ایک ہزار 923 ارب 31 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، جبکہ جنوری سے دسمبر 2026 کے دوران فی یونٹ کیپیسٹی پیمنٹس 14 روپے 86 پیسے مقرر ہیں۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.