اسلام آباد : دنیا بھر کے 72 مختلف ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی شہریوں کے قید ہونے کا انکشاف سامنے آیا، جن میں سب سے زیادہ تعداد متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی جیلوں میں موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران دنیا بھر کی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔
وزارت خارجہ کے تحریری جواب میں کہا گیا کہ دنیا کے 72 ممالک کی جیلوں میں مجموعی طور پر 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں۔
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ 5 ہزار 297 پاکستانی متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں قید ہیں، جبکہ سعودی عرب میں 4 ہزار 775 پاکستانی مختلف جیلوں میں موجود ہیں۔
وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 738 ہے۔
یہ تفصیلات وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں فراہم کی گئیں۔

