شنگھائی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شنگھائی الیکٹرک گروپ کو توانائی، پانی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے شنگھائی الیکٹرک گروپ کے اعلیٰ حکام کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں توانائی، پانی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چینی کمپنی کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں شمسی اور ہوائی توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، صاف توانائی کے منصوبوں میں چینی مہارت اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔
ملاقات میں شنگھائی الیکٹرک کے حکام نے وزیراعلیٰ سندھ کو پانی صاف کرنے کے جدید منصوبوں پر بریفنگ دی۔
حکام نے کہا کہ چین کے صوبے ہیبئی میں کمپنی کا روزانہ 75 ہزار ٹن پانی صاف کرنے کا منصوبہ قائم ہے، جس میں روزانہ 25 ہزار ٹن پانی صاف کرنے کی صلاحیت کا ایم ای ڈی پلانٹ بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی اور پانی کی قلت والے علاقوں میں سمندر کے پانی کو قابلِ استعمال بنانا اہم ثابت ہوسکتا ہے۔ سندھ کی طویل ساحلی پٹی پانی کے متبادل ذرائع کی فراہمی کے لیے اہم موقع ہے۔
مراد علی شاہ نے شنگھائی الیکٹرک کو سندھ میں جدید ڈی سیلینیشن حل متعارف کرانے اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں منصوبوں کی نشاندہی کی دعوت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور چینی کمپنیوں کو منصوبے قائم کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
ملاقات میں توانائی ذخیرہ کرنے، بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو جدید بنانے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صنعتی ترقی کے لیے قابلِ اعتماد توانائی اور پانی کا بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے، جبکہ صاف توانائی اور جدید ٹیکنالوجی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے شنگھائی الیکٹرک اور سندھ حکومت کے درمیان مسلسل رابطے پر بھی زور دیا۔

