لاہور(17 اکتوبر 2026): بین الاقوامی ڈرون فوٹو ایوارڈز میں پاکستان کے معروف فوٹوگرافر علی اویس شیخ نے وائلڈ لائف فوٹوگرافی کے زمرے میں شاندار کامیابی حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔
مقابلے میں ان کی شاہکار تصویر ’ہیڈن ان پلین سائٹ‘ کو فاتح قرار دیا گیا۔ اس منفرد تصویر میں برفانی چیتے کے دو بچوں کو ان کے قدرتی اور انتہائی دشوار گزار ماحول میں نہایت خوبصورتی اور مہارت کے ساتھ عکس بند کیا گیا ہے۔
دس اکتوبر کو سیئنا کے تاریخی تھیٹر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں علی اویس شیخ نے خود یہ بین الاقوامی ایوارڈ وصول کیا۔
View this post on Instagram
علی اویس شیخ نے اپنی اس فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی اور دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند کیا۔
یاد رہے کہ ڈرون فوٹو ایوارڈز دنیا بھر کے فوٹوگرافروں کو فضائی تصویربندی کے ذریعے قدرت، ماحول، انسانی زندگی اور زمین کے متنوع مناظر پیش کرنے کا ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
اس مقابلے میں علی اویس شیخ کی کامیابی ان کی فنی مہارت اور تخلیقی وژن کے اعتراف کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیلنٹ کی عالمی شناخت کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔
سیئنا ایوارڈز فیسٹیول 2026 کے حوالے سے بلدیہ سیئنا کی جاری کردہ معلومات کے مطابق، اس سال تین بین الاقوامی مقابلوں میں 163 ممالک سے 40 ہزار سے زائد تصاویر موصول ہوئیں۔ اتنے بڑے عالمی دائرے میں منعقد ہونے والے مقابلے میں کسی پاکستانی فوٹوگرافر کی کامیابی اس اعزاز کی اہمیت کو مزید بڑھاتی ہے۔

