اسلام آباد : پاکستان میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کا اجرا بند کردیا گیا ، تاہم موجودہ پرانے پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 15 اکتوبر 2026 سے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کی نئی درخواستیں اور تجدید بند کر دی گئی ہیں، اب تمام نئی درخواستیں الیکٹرانک پاسپورٹ (ای پاسپورٹ) کے تحت پراسیس ہوں گی۔
نئی پالیسی کا اطلاق پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز پر بھی ہوگا، جن میں سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں قائم مشنز شامل ہیں۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرانے کا آخری دن 14 اکتوبر تھا۔
حکام کے مطابق موجودہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔
شہریوں کو صرف نئی پالیسی کے نفاذ کی وجہ سے اپنا موجودہ پاسپورٹ فوری تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں۔
ای پاسپورٹ میں جدید بایومیٹرک ٹیکنالوجی پر مبنی ایک الیکٹرانک چِپ نصب ہوتی ہے، جس میں پاسپورٹ ہولڈر کی ذاتی معلومات، بایومیٹرک تفصیلات، منفرد شناختی نمبر اور ڈیجیٹل دستخط محفوظ ہوتے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا مقصد پاسپورٹ میں جعل سازی کی روک تھام، دستاویزات کی سیکیورٹی بہتر بنانا اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، ای پاسپورٹ جدید خودکار امیگریشن گیٹس کے استعمال میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
پاکستان کے ای پاسپورٹس بین الاقوامی شہری ہوا بازی کی تنظیم (آئی سی اے او) کے مقرر کردہ معیارات کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔

