الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات فوری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ ہے اور انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام فوری منظوری کیلئے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کے جواب کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت دسمبر کی دھند، سردموسم اور رمضان کے باعث الیکشن 2027 میں کرانا چاہتی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانا چاہتی ہے حالانکہ پنجاب بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر تا 15 جنوری کے دوران کرانے پر اتفاق ہوا تھا، پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلئے متعلقہ افسران کی فہرستیں تاحال نہیں دیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو ڈی آر اوز، آر اوز، اے آر اوز کی فہرستیں ایک ہفتے میں دینے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن پروگرام فوری منظوری کیلئے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وزارت دفاع کو متعدد خطوط لکھے اور وزیراعظم کو بھی خط ارسال کیا مگر جواب نہ آیا۔

