یومِ اقبال کی مناسبت سے 9 نومبر کو عام تعطیل کے باعث طلبہ اور سرکاری ملازمین کو مسلسل تین چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر ہر سال 9 نومبر کو یومِ اقبال منایا جاتا ہے۔ فراہم کردہ سرکاری کیلنڈر کے مطابق اس سال 9 نومبر پیر کو ہوگا، جبکہ اس سے قبل ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے باعث سرکاری ملازمین کو مسلسل تین روز کی چھٹیاں مل سکتی ہیں۔
تعلیمی اداروں میں بھی 7 سے 9 نومبر تک تعطیلات ہونے کی صورت میں طلبہ کو تین روز کی چھٹیاں میسر آئیں گی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کی سالگرہ کو یومِ اقبال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن تعلیمی، ادبی اور سماجی اداروں میں اقبال کے فن، فکر اور فلسفے کو اجاگر کرنے کے لیے مذاکرے، مباحثے اور تقریری مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔
علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور سیاسی بصیرت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کا پیغام عام کیا۔ انہیں شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان اور پاکستان کے قومی شاعر کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے۔
علامہ اقبال نے 1930ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں خطبۂ الٰہ آباد پیش کیا، جس میں برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی مستقبل اور ان کے لیے الگ ریاست کے تصور پر روشنی ڈالی گئی۔ اس خطبے کو تحریکِ پاکستان کی فکری بنیادوں میں اہم مقام حاصل ہے۔
بعد ازاں مسلم لیگ نے 1940ء میں لاہور کے تاریخی اجلاس میں قراردادِ لاہور منظور کی، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ ریاست کے مطالبے کو باقاعدہ سیاسی سمت دی۔

