بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی شہری جعلی جاب آفرز اور فراڈ سے بچنے کے لیے بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے سرکاری فارن جابز پورٹل سے ملازمتوں کی تفصیلات کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
سرکاری پورٹل پر لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے پراسیس ہونے والی ملازمتوں کی فہرست موجود ہے، جہاں امیدوار ملازمت کے عنوان، پرمیشن نمبر، پروموٹر کے نام یا لائسنس نمبر، ملک اور تنخواہ کی بنیاد پر مطلوبہ نوکری تلاش کر سکتے ہیں پورٹل کے ذریعے ملازمت کی جگہ، تنخواہ، دستیاب اسامیوں کی تعداد، غیر ملکی آجر اور متعلقہ پروموٹر کی تفصیلات بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔
بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا اشتہار، واٹس ایپ پیغام یا کسی ایجنٹ کی پیشکش پر رقم ادا کرنے سے پہلے ملازمت کا منفرد پرمیشن نمبر سرکاری پورٹل پر ضرور چیک کریں۔ اس کے علاوہ آجر، تنخواہ، ملک اور پروموٹر کی تفصیلات کا موازنہ بھی کریں۔
امیدواروں کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ متعلقہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کا لائسنس درست اور فعال ہو۔ اگر ملازمت کی تفصیلات سرکاری ریکارڈ سے مطابقت نہ رکھتی ہوں، پرمیشن نمبر دستیاب نہ ہو یا تصدیق سے پہلے فوری ادائیگی کے لیے دباؤ ڈالا جائے تو معاملہ واضح ہونے تک رقم ادا کرنے سے گریز کیا جائے۔
پورٹل پر ملازمتوں کی فہرست میں اسامیوں کی تعداد اور پرمیشن کی حیثیت تبدیل ہو سکتی ہے، اس لیے درخواست دینے سے پہلے دوبارہ تصدیق ضروری ہے۔ سرکاری پورٹل پر ملازمت درج ہونے کا مطلب ویزے یا ملازمت کی حتمی ضمانت نہیں ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ملازمت قبول کرنے سے پہلے تحریری معاہدے میں تنخواہ، کام کی جگہ، اوقاتِ کار اور دیگر سہولتوں کی تفصیلات غور سے پڑھیں، ادائیگی کی رسید حاصل کریں اور بیرونِ ملک روانگی سے پہلے ضروری پروٹیکٹر رجسٹریشن بھی مکمل کریں۔

