اسلام آباد : وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا کی ملاقات میں سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا نے ملاقات کی، ملاقات میں رانا احسان افضل، سیکرٹری تجارت جواد پال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
جام کمال خان نے زور دیا کہ پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کو ایتھوپیا کی منڈی تک رسائی دی جائے اور ادویات کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹیں جلد دور کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت افریقی منڈیوں میں برآمدات کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر نے بتایا کہ انہوں نے ادویات کی رجسٹریشن کے زیر التوا معاملات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے ہیں اور ایتھوپین حکام نے ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سیکرٹری تجارت جواد پال نے ایتھوپیا کی تکنیکی ٹیم کا دورہ پاکستان جلد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کا جائزہ اور جانچ پڑتال کر سکے۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے، روابط بڑھانے اور متعلقہ اداروں میں قریبی رابطے قائم رکھنے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات کے دوران عالمی تجارتی تنظیم میں ایتھوپیا کی شمولیت کے عمل پر گفتگو کی گئی۔
سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

