پنجاب میں سموگ سے قبل فضائی آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اب تک 40 سے زائد اینٹوں کے بھٹے اور پائرولیسس کے 30 سے زائد پلانٹس مسمار کیے جا چکے ہیں، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 2 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کے مطابق گزشتہ ماہ بھی آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 85 اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن کی گئی۔
کارروائیوں کے دوران 4 بھٹے مسمار، 2 سیل اور ایک بھٹے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 3 اینٹوں کے بھٹوں کو سموگ نوٹسز جاری کیے گئے۔
ڈی جی ماحولیات کے مطابق صنعتی یونٹس کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، خلاف ورزی پر 4 یونٹس سیل اور 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
دوسری جانب باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائیوں کے دوران 17 مقامات کی چیکنگ کی گئی اور خلاف ورزیوں پر 4 مقامات کو سموگ نوٹسز جاری کیے گئے۔
ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے 13 کمرشل ککنگ پوائنٹس پر سکشن ہڈز بھی نصب کرا دیے گئے ہیں۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق سموگ کی روک تھام اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

