اسلام آباد(12 اکتوبر 2026): عالمی بینک نے سال 2022 سے لے کر اب تک پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے تقریباً 3.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
عالمی بینک گروپ کی جانب سے جاری کردہ نئے اعلامیے کے مطابق، ادارے نے سال 2022 سے لے کر اب تک پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی، انسانی سرمائے کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے تقریباً 3.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
عالمی سطح پر بھی ادارے کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں نجی سرمایہ کاری چار سالوں میں 35 ارب ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 2026 میں 112 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور سستی بجلی کی فراہمی کے لیے داسو پن بجلی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس اہم منصوبے کے لیے عالمی بینک کی جانب سے 58 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے ہیں جبکہ بینک کی 46 کروڑ ڈالر کی ضمانت نے مزید سرمایہ کاری حاصل کرنے میں بڑی مدد دی ہے۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی قرض دہندگان نے اس منصوبے کے لیے 33.80 کروڑ ڈالر فراہم کیے ہیں اور ملکی بینکوں کے کنسورشیم کے ذریعے 144 ارب روپے حاصل کیے گئے ہیں۔ داسو پن بجلی منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے ملک میں 2160 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی۔
ماحولیاتی بہتری، آلودگی کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 102.7 ملین ڈالر کی ماحول دوست سرمایہ کاری کی گئی ہے جس میں 52.7 ملین ڈالر کی نجی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔
اس اقدام کے ذریعے 98 چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ماحول دوست ٹیکنالوجی فراہم کی گئی ہے، جبکہ پروگرام کی بدولت 653 مائیکرو کاروباری اداروں کو صاف ستھری ٹیکنالوجی اپنانے میں مدد ملی ہے۔ ان تمام ماحول دوست سرگرمیوں کے نتیجے میں تقریباً 1600 نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔
عالمی بینک نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں معاشی استحکام، نجی شعبے کی ترقی اور انسانی سرمائے کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

