اسلام آباد : فیول ریلیف اسکیم کی کامیابی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیرآئی ٹی شزافاطمہ کو تمغہ دینے کا اعلان کردیا ، انھیں 23 مارچ کے موقع پر قومی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکومت کی “فیول ریلیف اسکیم” کی شاندار کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئےپروگرام کے ڈیجیٹل نظام کی سرفہرست قیادت کرنے پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ کو قومی اعزاز دینے کا اعلان کردیا۔
اسکیم کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور علاقائی کشیدگی کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر وفاقی اور صوبائی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ شزا فاطمہ کو 23 مارچ (یومِ پاکستان) کے موقع پر قومی اعزاز سے نوازا جائے گا، جبکہ اسکیم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے دیگر افسران اور ٹیم ممبران کو شیلڈز دی جائیں گی۔
9 اکتوبر تک اسکیم کے تحت رجسٹریشنز ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہیں، جبکہ تقریباً 1 کروڑ 19 لاکھ 8 ہزار واؤچرز کا استعمال کیا جا چکا ہے۔
مجموعی طور پر تقریباً 2 کروڑ 70 لاکھ ٹوکنز جاری کیے گئے، جن میں سے 1 کروڑ 94 لاکھ ٹوکنز کے ذریعے شہریوں نے رعایتی پیٹرول حاصل کیا۔
تقریباً 92 لاکھ 77 ہزار صارفین نے ایک سے زائد مرتبہ ٹوکنز حاصل کیے، جبکہ مستفید ہونے والوں میں 96 فیصد موٹر سائیکل سوار شامل ہیں۔
حکومت کے مطابق ایک کروڑ سے زائد افراد براہِ راست جبکہ ان کے اہلخانہ کو ملا کر تقریباً 5 کروڑ لوگ اس اسکیم سے مستفید ہوئے ہیں۔
وزارتِ آئی ٹی نے “فیول پاس سسٹم” کے ذریعے اس اسکیم کا شفاف ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تیار کیا، شہریوں کو 9771 پر مفت ایس ایم ایس (SMS) کے ذریعے رجسٹریشن کی سہولت دی گئی اور شناختی و گاڑی کی تفصیلات کی تصدیق صوبائی ڈیٹا سے کی گئی۔
عوام کی سہولت کے لیے 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی اسکیم میں شامل کیا گیا۔

