اسلام آباد : بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹرڈ خواتین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی ، اب وہ کسی بھی مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم نکلوا سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی مستحق خواتین کے لیے ادائیگیوں کے حصول میں بڑی سہولت متعارف کرادی گئی، اب خواتین ادائیگی کی تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد ملک بھر میں پارٹنر بینکوں کے کسی بھی مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم نکلوا سکیں گی۔
بی آئی ایس پی نے نئے ڈیجیٹل والٹ نظام سے متعلق خواتین کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے لاہور سے ملک گیر تربیتی سیشنز کا آغاز کردیا ہے، جن میں ادائیگی کے طریقہ کار، سہولیات اور حفاظتی اقدامات سے متعلق رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔
تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بی آئی ایس پی کے ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر عصمت نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام پر مؤثر عمل درآمد کے لیے عملے کی تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور مستحق خواتین میں آگاہی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینکوں کے درمیان باہمی رابطے کے نظام کے تحت خواتین تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے کسی بھی شہر میں پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے ادائیگی وصول کرسکیں گی، اس سہولت سے مخصوص ادائیگی مراکز پر انحصار کم ہوگا، جبکہ سفر کے اخراجات اور مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔
ڈاکٹر عصمت نواز نے بی آئی ایس پی کے عملے پر زور دیا کہ وہ خواتین کو ڈیجیٹل والٹ کے استعمال، موبائل سم اور فون کی حفاظت، مکمل رقم وصول کرنے اور لین دین سے متعلق ایس ایم ایس محفوظ رکھنے کے بارے میں واضح رہنمائی فراہم کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستحق خواتین کی رقم سے کسی بھی قسم کی غیر مجاز کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ادائیگی سے متعلق شکایت کی صورت میں خواتین بی آئی ایس پی کی ہیلپ لائن 0800-26477 یا متعلقہ تحصیل دفتر سے رابطہ کرسکتی ہیں۔
تربیتی سیشن میں بی آئی ایس پی اور پنجاب کے متعلقہ افسران اور عملے نے شرکت کی، جبکہ تربیتی سرگرمیوں میں تعاون پر یونیسیف کے سوشل پالیسی سیکشن کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

