وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی بڑھتی قیمتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس طلب کرلیا اور عوام کو سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں فلور ملوں کو سبسڈی کے تحت فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کے بعد وزیراعلیٰ نے اس کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس کے دوران مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
حکومت کی جانب سے فلور ملوں کو سرکاری گندم 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جارہی ہے۔ اجلاس میں اس سبسڈائزڈ گندم کا کوٹہ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ مارکیٹ میں سستے آٹے کی فراہمی بہتر بنائی جاسکے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام کیلئے شدید مشکلات کا باعث ہے اور حکومت انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب میں سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

