لندن : برطانیہ اور امریکہ کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے سعودی عرب سے متعلق سفری وارننگ جاری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خطے کی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ اور امریکہ نے سعودی عرب میں موجود اور وہاں کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے اہم ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
برطانوی وزارتِ خارجہ نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی عرب کے جنوبی اور سرحدی صوبوں عسیر، نجران، جیزان اور طائف کا سفر کرنے سے مکمل گریز کریں۔
اس کے علاوہ طائف شہر اور اس کے ایئرپورٹ کی طرف جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ برطانوی شہری یمن کی سرحد سے 10 کلومیٹر کے حدود کے اندر کسی بھی قسم کا سفر نہ کریں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں قائم امریکی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں کی خبروں سے آگاہ ہیں اور حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے تمام شہریوں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے:
امریکی شہری غیر معمولی احتیاط برتیں اور یمنی سرحد کے قریب سفر سے گریز کریں اور ایئرپورٹ جانے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال لازمی معلوم کریں۔
تمام امریکی ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریاض کے شاہ خالد ایئرپورٹ کے استعمال سے قبل سفارت خانے سے خصوصی اجازت حاصل کریں۔
