پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کے مجوزہ نئے قواعد کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے موبائل ڈیٹا، کال اور ایس ایم ایس پیکجز کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے کے نئے مجوزہ قوانین کے تحت ملک بھر میں تمام ٹیلی کام نیٹ ورکس کے موبائل پیکجز کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے تیار کردہ ڈرافٹ کے تحت پی ٹی اے کو ٹیلی کام مارکیٹ کی نئی تعریف اور سخت نگرانی کے وسیع اختیارات مل جائیں گے۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے “ٹیلی کمیونیکیشن کمپٹیشن رولز 2026” کا مسودہ تیار کیا ہے۔
جس کے تحت پی ٹی اے کو وقت، تکنیکی تبدیلیوں اور مارکیٹ کے حالات کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے اور مارکیٹ کی حدود دوبارہ متعین کرنے کا اختیار ملے گا۔
ریگولیٹر صارفین کی مانگ، متبادل سہولیات، قیمتوں کے رجحان اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیلی کام کمپنیوں پر مقابلے اور قیمتوں کا انحصار طے کرے گا۔
سرکاری دستاویزات اور پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق جون 2025 سے جون 2026 کے دوران جاز ، ٹیلینار (، زونگ اور یو فون کے ٹاپ 10 سبسکرائبر پیکجز کا جائزہ لیا گیا جس میں اوسطاً 12 سے 22 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
پی ٹی اے نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ کمپنیاں ہر ماہ 10 سے 20 فیصد قیمتیں بڑھا رہی ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق سالانہ اضافہ دراصل ماہانہ 1 سے 2 فیصد بنتا ہے۔
پی ٹی اے کے نئے قواعد و ضوابط نافذ ہونے کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے مختلف پیکجز کی قیمتوں کی نئی بندی کی جائے گی، جس کے نتیجے میں صارفین کے لیے موبائل ڈیٹا، کال اور ایس ایم ایس پیکجز کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

