پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت کاروباری افراد کو 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لیے 5 ارب روپے کی بلاسود فنانسنگ اسکیم کا آغاز کردیا۔
پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت کاروباری افراد کو 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب حکومت قرضوں کے سود کی مد میں 1.456 ارب روپے ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کیے اور کاروباری طبقے پر زور دیا کہ خام پنک سالٹ برآمد کرنے کے بجائے پاکستان کے نام سے برانڈڈ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات عالمی منڈی میں متعارف کرائی جائیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قائدآباد میں 110 ایکڑ پر پروسیسنگ زون قائم کیا جائے گا، جہاں 200 ویلیو ایڈیشن یونٹس لگانے کی منصوبہ بندی ہے۔ منصوبے سے 10 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق پنک سالٹ کی بہتر پروسیسنگ، برانڈنگ اور پیکیجنگ کے ذریعے سالانہ برآمدات میں 300 ملین ڈالر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کی انفرادیت ہے، نمک اور مزدوری پاکستان کی ہے لیکن اس سے فائدہ دوسرے ممالک اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پنک سالٹ پہاڑوں میں چھپے سونے کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ نے نوجوان کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو اسکیم کے تحت سہولت فراہم کرنے اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد دینے پر بھی زور دیا۔
مریم نواز نے ماضی میں بعض ٹھیکوں سے سیاسی افراد کو فائدہ پہنچنے اور قومی خزانے کو نقصان ہونے کا الزام بھی عائد کیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
قرض حاصل کرنے والے کاروباری افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فنانسنگ اسکیم کو پنجاب حکومت کا اہم اقدام قرار دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت 5 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ 110 ایکڑ پر قائم قائدآباد پنک سالٹ پراسیسنگ یونٹ کو خصوصی صنعتی کلسٹر کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو دنیا بھر میں پاکستان کے نام سے متعارف کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام مال کے بجائے پاکستان کا برانڈڈ پنک سالٹ فروخت کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنک سالٹ پاکستان کی انفرادیت ہے، لیکن دوسرے ممالک اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، پنجاب سے پنک سالٹ کم قیمت پر خرید کر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا پنک سالٹ پہاڑوں میں چھپے سونے کے مترادف ہے، اس سے پنجاب کے عوام کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔
انہوں نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت مزید افراد کو قرضے جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

