اسلام آباد : حکومت کی جانب سے 15 ستمبر سے شروع ہونے والی پیٹرول سبسڈی اسکیم سے 75 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوگئے جبکہ 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال کیے جاچکے ہیں۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیشرفت سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول سبسڈی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تناظر میں متوسط اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت عام شہری اس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں، 15 ستمبر سے شروع ہونے والی اس اسکیم کے تحت اب تک 75 لاکھ سے زائد شہریوں کا مستفید ہونا انتہائی باعثِ اطمینان ہے۔
وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم پر مؤثر عملدرآمد پر اپنی تمام حکومتی ٹیم، بشمول نائب وزیراعظم، وزیر آئی ٹی، وزیر اطلاعات، وزیر اقتصادی امور اور وزیر خزانہ کی کاوشوں کی زبردست تعریف کی۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
انہوں نے اوگرا سمیت تمام منسلک وفاقی و صوبائی حکام کی مشترکہ محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم حکومتی مشینری کے بہترین مربوط تعاون کی مثال ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس اسکیم کے لیے تیار کردہ مستحکم ڈیٹابیس کو مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو اسکیم کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد اسکیم میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ 75 لاکھ سے زائد شہری سبسڈی حاصل کر چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا کہ سبسڈی کے لیے جاری کردہ 1 کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز کامیابی سے استعمال کیے جا چکے ہیں جبکہ ملک بھر کے 129 اضلاع میں پیٹرول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو یہ سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
15 ستمبر سے شروع ہونے والی یہ اسکیم اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، شہریوں اور پیٹرول پمپ مالکان کی رہنمائی و آسان رجسٹریشن کے لیے 24 گھنٹے فعال کال سینٹر قائم کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم آفس کا پبلک افیئرز یونٹ اور عوامی نمائندے بھی شہریوں کی مدد کر رہے ہیں۔
