کراچی (2 اکتوبر 2026): تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نان کسٹم پیڈ گاڑی کی طرح ہے جو مردان سے آگے نہیں جا سکتی۔
نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں ن لیگی رہنما اور پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے ایمرجنسی یا گورنر راج نا پسندیدہ ہے، اور ن لیگ کا تو ہمیشہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف موقف رہا ہے۔ تاہم کے پی میں یہی صورتحال رہی تو پھر کیا آپشن رہتا ہے؟
دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لہر ہے لیکن وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی اپیکس کمیٹی اجلاس میں نہیں آ سکے۔ خیبر پختونخوا میں روز جوان شہید ہو رہے ہیں روز لوگوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے نہ کوئی بیان آتا ہے اور نہ کوئی بندہ جنازوں پر آتا ہے۔
انہوں نے سہیل آفریدی کے 4 اکتوبر کو اعلان کردہ لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نان کسٹم پیڈ گاڑی کی طرح ہے، جو مردان سے آگے نہیں آ سکتی۔
پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات نے واضح کہا کہ لانگ مارچ کوئی مسئلہ نہیں ہے، کیونکہ حکومت اسلام آباد کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔

