نیویارک(26 ستمبر 2026): پاکستانی سفارتکار بھارت کا مکروہ اور دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا گھناؤنا چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی سفارتکار صائمہ سلیم نے بھارتی سفارتکار کی تقریر پر بھرپور جواب الجواب دیتے ہوئے بھارت کا مکروہ اور دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا گھناؤنا چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
صائمہ سلیم نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی کی سرپرستی اور معاونت میں براہ راست ملوث ہے۔ پاکستان نے بین الاقوامی برادری کو بھارتی حکومت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو دی جانے والی معاونت اور سرپرستی کے ناقابل تردید شواہد فراہم کر دیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کل بھوشن یادیو سے لے کر نکھل گپتا تک اس کی واضح اور ناقابلِ تردید مثالیں دنیا کے سامنے موجود ہیں۔
پاکستانی سفارتکار نے انکشاف کیا کہ کالعدم تنظیمیں جیسے کہ بی ایل اے (BLA)، مجید بریگیڈ اور فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) کو بھارتی ریاست کی پشت پناہی اور بھرپور حمایت حاصل ہے۔ اس کے برعکس، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔
جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع پر بات کرتے ہوئے صائمہ سلیم نے زور دے کر کہا کہ مقبوضہ کشمیر نہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مظلوم عوام کو ان کے بنیادی حقِ خودارادیت سے کسی صورت محروم نہیں کیا جا سکتا۔

