اسلام آباد: مارگلہ ہلز میں پاکستان کی سب سے بڑی اور طویل ترین زپ لائن بنانے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سیاحت اور مہم جوئی (ایڈونچر اسپورٹس) کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا اور سنگ میل منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ خوبصورت مارگلہ ہلز کی وادیوں میں پاکستان کی سب سے بڑی اور طویل ترین زپ لائن قائم کی جائے گی۔
یہ زپ لائن 2.83 کلومیٹر طویل ہوگی، جسے مارگلہ کے پہاڑی سلسلوں میں دامنِ کوہ سے سابقہ مونال ریسٹورنٹ کے درمیانی علاقے میں قائم کیا جائے گا۔
اس زپ لائن کا سب سے دلچسپ اور منفرد پہلو یہ ہے کہ اس کا آغاز اور اختتام ایک ہی مقام پر ہوگا، جس کے باعث سیاحوں کو واپسی کے لیے الگ سے کسی سواری یا سفر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو نہ صرف مارگلہ کے دلکش اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا بلکہ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کا ایڈونچر ٹورزم بھی متعارف ہوگا۔

