اسلام آباد : آسٹریلوی اسکلڈ ویزا کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے ضروری شرائط واضح کردی گئیں، جن کے تحت اہل افراد مخصوص اسکلڈ، ایمپلائر اسپانسرڈ یا ریجنل ویزا راستوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں مقیم ہونے اور ملازمت کے خواہشمند غیر ملکی ہنرمند افراد کے لیے آسٹریلوی حکومت کی جانب سے ‘اسکلڈ آکوپیشن لسٹ’ کو بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے۔
اس فہرست میں ایسے منظور شدہ پیشے شامل ہوتے ہیں جن کے تحت اہل افراد مخصوص اسکلڈ، ایمپلائر اسپانسرڈ یا ریجنل ویزا راستوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس فہرست میں شامل ہر پیشے کے ساتھ مخصوص این زیڈ ایس سی او (ANZSCO) کوڈ درج ہوتا ہے، جو پیشے کی نوعیت، اس سے منسلک دستیاب ویزا کیٹیگریز (مثلاً MLTSSL، STSOL، CSOL یا ROL) اور متعلقہ اسیسنگ اتھارٹی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس کے علاوہ بعض پیشوں یا مخصوص ویزا زمروں کے لیے خصوصی شرائط و حدود (Caveats) بھی عائد ہوتی ہیں ، جنہیں ویزا درخواست دینے سے قبل سمجھنا ضروری ہے۔
ماہرین نے درخواست گزاروں کو متنبہ کیا ہے کہ صرف عہدے یا جاب ٹائٹل کی بنیاد پر پیشے کا انتخاب نہ کریں۔ درخواست گزار کی تعلیمی قابلیت، کام کا تجربہ اور روزمرہ فرائض کا متعلقہ ANZSCO کوڈ میں درج پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے مکمل مطابقت رکھنا ضروری ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ کسی پیشے کا اسکلڈ آکوپیشن لسٹ میں شامل ہونا آسٹریلوی ویزا ملنے کی ضمانت نہیں۔ درخواست گزار کو متعلقہ ویزا کی دیگر شرائط بھی پوری کرنا ہوتی ہیں۔
ان شرائط میں Skills Assessment، انگلش زبان کی اہلیت، عمر، کام کا تجربہ، پوائنٹس، ریاستی نامزدگی یا آجر کی اسپانسرشپ سمیت دیگر تقاضے شامل ہوسکتے ہیں۔
اس لیے آسٹریلیا میں ہنرمند ویزا کے خواہشمند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے پیشے، متعلقہ ویزا کیٹیگری اور تمام مطلوبہ شرائط کی مکمل جانچ کے بعد درخواست دیں۔

