لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ جذبات کے بجائے محنت پر کام کرنا ہوگا، حقائق کو تسلیم کرنا ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ہماری ٹیسٹ ٹیم اسٹرگل کر رہی ہے، جذبات کے بجائے محنت پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی خراب کارکردگی کسی ایک سیریز کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ گزشتہ ایک 2 سال سے جاری بحران کا تسلسل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہتری لانے کے لیے ٹیم کو درست سمت میں لے جانے کے لیے وقت درکار ہوگا۔
مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابھی مستقل تقرری کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ فی الحال ان کی تمام تر توجہ وائٹ بال کرکٹ اور آئندہ ایشین گیمز پر مرکوز ہے۔ ایشین گیمز کے فوری بعد وہ سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر ٹیسٹ ٹیم کے مستقبل پر مشاورت کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہماری ٹی ٹوئنٹی ٹیم دنیا میں چوتھے نمبر تک آتی ہے، 2017 میں ہم نمبر ون ٹیم تھے اور اب صورتحال مختلف ہے۔
پانچ ماہ قبل ایشین گیمز کیلئے اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا تھا، پاکستان ٹیم اٹیکنگ اسٹائل کرکٹ کھیلنا جانتی ہے۔سلمان مرزا کی انجری مایوس کن ہے، بیٹنگ لائن جاپان کی کنڈیشن کے مطابق فائنل کرینگے۔
ہیسن کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز شاہینز اور پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن ہے، بھارت وائٹ بال کرکٹ میں ایک بینچ مارک رکھتاہے، اگر موقع ملا تو بھارت کو پریشر میں لانے کی کوشش کرینگے۔ صاحبزادہ فرحان ایک اچھا آپشن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فائنل میں آنا ہمارا اور شاید بھارت کا بھی مقصد ہے، ابھی کوئی بھی ٹیم فائنل میں نہیں پہنچی ہے۔

