لاہور(23 ستمبر 2026): پی سی بی نے قومی مینز کرکٹ ٹیم کے لیے نئے بولنگ کوچ کی تقرری کا عمل شروع کرتے ہوئے باضابطہ اشتہار جاری کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اس عہدے کے لیے امیدوار کے پاس لیول تھری کرکٹ کوچنگ ایکریڈیشن کا ہونا ضروری ہے، جبکہ کوچنگ کے شعبے میں کم از کم 5 سال کا تجربہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ خواہشمند امیدوار 8 اکتوبر تک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے وائٹ بال بولنگ کوچ ایشلے نوفکی اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں اور وہ ایشین گیمز کے بعد اپنی ذمہ داریوں سے الگ ہو جائیں گے۔
ایشلے نوفکی نے بورڈ کو اپنے اس فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا، اور رواں ایشین گیمز ان کی بحیثیت بولنگ کوچ آخری سیریز ہوگی۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ ایشلے نوفکی نے پاکستان ٹیم چھوڑنے کے بعد نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سنبھال لی ہے اور وہ اب نیدرلینڈز کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ ہوں گے، جن کا نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ کے ساتھ 2 سال کا معاہدہ طے پایا ہے۔

