ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ’ایکریڈیٹڈ ایمپلائر ورک ویزا‘ کا اعلان کرتے ہوئے اہلیت اور اپلائی کرنے کا طریقہ کار بتادیا۔
نیوزی لینڈ کی حکومت نے غیر ملکی ماہرین اور ورکرز کے لیے ‘ایکریڈیٹڈ ایمپلائر ورک ویزا’ کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کا تفصیلی گائیڈ لائن جاری کر دی۔
یہ ویزا غیر ملکی ورکرز کو نیوزی لینڈ کے منظور شدہ مالکان کے ہاں ہفتے میں کم از کم 30 گھنٹے کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
ویزا کی مدت اور فوائد
ملازمت کی نوعیت، ہنر کی سطح اور تنخواہ کے حساب سے ورکرز کو 5 سال تک نیوزی لینڈ میں قیام کی اجازت مل سکتی ہے۔
یہ ویزا بعد میں نیوزی لینڈ کی مستقل رہائش کے حصول کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
ویزا ہولڈرز کو ہر 12 ماہ میں 3 ماہ تک کی تعلیم یا اپنی ملازمت کے لیے ضروری کورسز کرنے کی بھی اجازت حاصل ہوگی۔
اہلیت کی اہم شرائط
ویزا کے لیے کسی رجسٹرڈ اور منظور شدہ مالک کی طرف سے تصدیق شدہ جاب افر ہونا لازمی ہے۔
نیوزی لینڈ کے قوانین کے تحت کوئی بھی جاب ایجنٹ یا مالک ملازم سے بھرتی کے اخراجات یا کوئی ناجائز فیس نہیں وصول کر سکتا۔
امیدوار کے پاس کم از کم 2 سال کا تصدیق شدہ متعلقہ تجربہ ہو یا پھر نیوزی لینڈ کی کوالیفکیشن فریم ورک پر لیول 4 یا اس سے اعلیٰ ڈگری ہو۔ (صرف سی وی قابلِ قبول نہیں ہوگی، سرٹیفکیٹس، پے سلپس اور ٹیکس دستاویزات لازمی ہیں)۔
اس کے ساتھ لیول 4 یا 5 کی ملازمتوں کے لیے انگلش زبان کی مہارت کا ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔
درخواست دہندہ کے لیے میڈیکل (ایکسرے) اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ضروری ہے۔
ویزا اپلائی کرنے کا طریقہ کار
ایکریڈیٹڈ ایمپلائر آپ کو جاب افر کے ساتھ آن لائن درخواست کا مخصوص لنک (Job Token) بھیجے گا۔
تمام پولیس و میڈیکل سرٹیفکیٹس اور دیگر کاغذات کا انگریزی ترجمہ اور سکین کاپیاں تیار کریں۔
مخصوص لنک کے ذریعے آن لائن فارم پر کریں، دستاویزات اپ لوڈ کریں اور فیس (1,540 نیوزی لینڈ ڈالر سے شروع) ادا کریں جبکہ 80 فیصد درخواستوں کا فیصلہ 6 ہفتوں کے اندر کر دیا جاتا ہے۔
درخواست منظور ہونے پر امیدوار کو آن لائن ای ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

