کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 7 مبینہ مقابلوں میں 4 ملزمان ہلاک جب کہ 8 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران متعدد اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے ہوئے، جن میں گلبرگ، گلشنِ اقبال، نارتھ ناظم آباد، منگھوپیر، ڈیفنس، تین ہٹی، اورنگی ٹاؤن شامل ہیں۔ گلشنِ اقبال میں 1، منگھوپیر میں 2 جب کہ تین ہٹی میں 1 ملزم ہلاک ہوا۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ایف بی ایریا بلاک 5 میں شاہین فورس کا 2 ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا، جس میں شاہین فورس کی جوابی کارروائی کے دوران موٹر سائیکل پر فرار ہوتے ہوئے پیچھے بیٹھا ڈاکو زخمی ہو گیا۔ شاہین فورس نے فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے مختلف اسپتالوں میں تلاش شروع کی تو معلوم ہوا کہ مفرور زخمی ڈاکو عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی پہنچا تھا، جہاں اس نے علاج کے لیے لیاقت آباد میں دوران ڈکیتی زخمی ہونے کا جھوٹ بولا۔
چار روز قبل بچی کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والا ملزم ریڈیو پاکستان گراؤنڈ پولیس مقابلے میں زخمی
شاہین فورس کے جوانوں نے اسپتال پہنچ کر زخمی ڈاکو سعد کو گرفتار کر لیا، جس کا علاج جاری ہے۔ گرفتار ڈاکو سے مزید تفتیش اور فرار ساتھی کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
اے وی ایل سی جمشید ڈویژن نے گلشن اقبال نظارت کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک اور دوسرے کو گرفتار کر لیا، جس سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ اے وی ایل سی کے مطابق ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم وہ اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ گرفتار اور ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس نے ایک مقابلے میں شاہ رخ خان نامی ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ مقابلہ ناظم آباد 7 نمبر پر فائر بریگیڈ اسٹیشن کے قریب پولیس اور ملزمان میں ہوا تھا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق زخمی گرفتار ملزم کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، جب کہ اس سے مزید تفتیش بھی جاری ہے اور کریمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔
کراچی : رکشہ روک کر لڑکی کو دوستی کی پیشکش کرنے والے پولیس اہلکار کی ویڈیو وائرل
سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کی مشترکہ کارروائی میں کراچی کے علاقے منگھوپیر غازی گوٹھ میں بھی ایک مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق بی ایل ایف سے تھا۔ حکام کے مطابق ہلاک شدگان کی شناخت 23 سالہ یحییٰ اور 28 سالہ ہلال کے نام سے ہوئی ہے، جن سے کلاشنکوف اور پستول برآمد کی گئی۔ ان کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس کا سی آر پٹہ کے قریب مقابلہ ہوا، جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ پولیس کے مطابق دوران گشت مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انھوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا، جب کہ اس کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمی گرفتار ملزم کی شناخت جاوید کے نام سے ہوئی ہے اور اس سے 30 بور کا پستول برآمد ہوا ہے۔
کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے قریب ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سروس روڈ پر لیاقت آباد پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہلاک ملزم کی شناخت تلاش ڈیوائس کے ذریعے کی جارہی ہے، جب کہ اس کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل، 1200 روپے اور 3 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 جرمنی گراؤنڈ کے قریب بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں 4 ملزمان حمزہ، جان شیر، نعمان اور جلیل زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ چاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس کے دعوؤں کے مطابق یہ تمام کارروائیاں مسلح ملزمان کے خلاف فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ہوئیں، لیکن کراچی میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی آزادانہ تصدیق اور ہر مقابلے کے حالات کی الگ الگ جانچ کبھی نہیں کی گئی۔ جس طرح حال ہی میں کراچی میں ڈمپر اور موٹر سائیکل حادثات کے بعد ’کراچی روڈ ایکسیڈنٹ اینالسس ٹیم‘ (KRAAT) بنائی گئی تھی۔ سوال اٹھتا ہے کہ کیا محکمہ پولیس میں ایسا نظام نہیں ہونا چاہیے جو روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے پولیس مقابلوں کی باقاعدہ جانچ کیا کرے۔

