لاہور: پاکستان کے درجنوں ممالک کے ساتھ ویزا فری معاہدے طے پاگئے، جس کے تحت بغیر ویزا قیام کی مدت 1 ماہ سے 3 ماہ (30 سے 90 دن) تک مقرر کی گئی ہے۔
نیوز کے مطابق پاکستان نے دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور سفارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے درجنوں ممالک کے ساتھ ویزا ختم کرنے (ویزا فری) کے اہم معاہدے کر لیے ہیں۔ اس ویزا فری سہولت کا بنیادی اطلاق سفارتی اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز پر ہوگا۔ مختلف ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کے تحت بغیر ویزا قیام کی مدت 1 ماہ سے 3 ماہ (30 سے 90 دن) تک مقرر کی گئی ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اور تمام متعلقہ اینٹری زونز کو جدید ترین فہرست کے مطابق فوری اقدامات اور عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ معاہدے میں شامل ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (UAE)، قطر، بحرین، کویت اور مصر، ترکیہ، آذربائیجان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ، نیپال اور ایران شامل ہیں۔
اس کے علاوہ روس اور ارجنٹائن سمیت دیگر دوست ممالک بھی اس ویزا فری فہرست کا حصہ ہیں۔
خیال رہے اسپورٹ رپورٹس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ 2026 میں پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں مزید تنزلی ہوئی اور یہ دنیا بھر میں 183 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
اس سے قبل پاکستانی پاسپورٹ 2023 میں 180ویں، 2024 میں 175ویں اور 2025 میں 174ویں نمبر پر موجود تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی پاسپورٹ کا مجموعی ‘موبلٹی اسکور’ 42 درج کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستانی شہری دنیا کے 42 ممالک میں پیشگی ویزے کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔
ان میں 9 ممالک بغیر کسی ویزے کے (Visa-Free)، 29 ممالک آن ارائیول ویزا اور 4 ممالک الیکٹرانک ٹریول ایکسیس (eTA) کی سہولت دیتے ہیں۔

