کراچی(16 ستمبر 2026): نیو کراچی سیکٹر 11 آئی میں پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ ملزمان کو روک کر چیک کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس سے خوش قسمتی سے بلٹ پروف ویسٹ ہونے کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا، جبکہ اس کا نامعلوم ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر کے ضبط کر لی ہے۔
بائیومیٹرک ڈیوائس کی مدد سے ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت معراج عرف میری کے نام سے ہوئی ہے، جو طویل عرصے سے مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ملزم معراج کا بھائی میر بالاج دو سال قبل یعنی 2024 میں ناظم آباد میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا تھا، جبکہ ملزم کا والد ابراہیم بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے چھاپے کے دوران مبینہ طور پر اونچائی سے گر کر ہلاک ہو چکا ہے۔
