راولپنڈی : ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 21 ریسٹورنٹس سیل جبکہ 150 سے زائد ریسٹورنٹس اور باربی کیو پوائنٹس کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں محکمہ ماحولیات نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ریسٹورنٹس، تکہ ہاؤسز اور باربی کیو پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا۔
حکمہ ماحولیات نے بتایا فیلڈ اور نائٹ اسکواڈ نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 21 ریسٹورنٹس سیل کردیے، جبکہ 150 سے زائد ریسٹورنٹس اور باربی کیو پوائنٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
کارروائی کے دوران متعدد مقامات پر ماحولیاتی قوانین کی پابندی بھی کروائی گئی۔ سیل کیے جانے والے ریسٹورنٹس میں شاہی تکہ ہاؤس، منشا تکہ ہاؤس، ریڈ اونین، امروز شنواری، خیبر شنواری، قصہ خانی کباب، بٹ فوڈز، ایچ ایم فوڈز اور لاہوری چسکا سمیت دیگر شامل ہیں۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق کارروائیاں مریم اورنگزیب، سیکرٹری ماحولیات سلوت سعید، ڈی جی EPA عبداللہ نیر شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر EPA راولپنڈی سعدیہ بتول کی نگرانی میں کی گئیں۔
ان اہم کارروائیوں میں انسپکٹر رانا عمیر اسد، انسپکٹر امان اللہ، انسپکٹر عمر فاروق، فیلڈ اسسٹنٹ تنویر حسین شاہ اور جواد عظیم نے حصہ لیا۔
محکمہ ماحولیات کے حکام کے مطابق شہر میں ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کے لیے نائٹ مانیٹرنگ اور قانونی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
