کراچی: سندھ حکومت نے پیٹرول پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ عوام کے کندھوں پر نہ ڈالے جب تک عالمی صورت حال بہتر نہ ہو لیوی ٹیکس ختم کیا جائے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے متعلق قرارداد پی ٹی آئی کے محمد اویس نے پیش کی، ہم اس قرارداد کی بھرپور تائید کرتے ہیں اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لیوی ختم کرے۔
یہ پڑھیں: ’جماعت اسلامی 100 روپے کا ریلیف مسترد کرتی ہے، لیوی بھتہ ختم کیا جائے‘
صوبائی وزیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، تنخواہ دار طبقہ پس گیا ہے، پیپلزپارٹی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2008 میں ایم کیو ایم نے ایک روپے بڑھنے پر پیپلزپارٹی کی حکومت چھوڑ دی تھی لیکن اب ڈیڑھ سو روپے بڑھ گئے ہیں اور یہ کرسی سے چپک کر بیٹھے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں 100 روپے قیمت بڑھ جاتی ہے تو سانپ سونگھ گیا ہے، حکومت کے مزے لے رہے ہیں، جو وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہیں وہ بات کریں۔
