وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیبز میں کیو آر پینک بٹن لگانے کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق اب تک 70 ہزار 422 رکشوں، رائیڈ ہیلنگ سروسز کیبز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن آویزاں کیے جاچکے ہیں۔ شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں کیو آر پینک بٹن نصب کر رہی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب لازم قرار دی گئی ہے۔ خواتین ہراسانی یا کسی ہنگامی صورتحال کی صورت میں کیو آر پینک کوڈ کے ذریعے فوری مدد حاصل کرسکتی ہیں۔
کیو آر پینک بٹن کی تنصیب کے لیے ہر ٹریفک سیکٹر میں ٹیم موجود ہے، جبکہ رکشوں میں بٹن لگانے کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق مختلف رکشہ یونینز کے مطالبے پر شہر میں مزید 4 لائسنس سینٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔ سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔

