کراچی(14 ستمبر 2026): نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے نفاذ کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے ذرائع کے مطابق نادرا انٹیگریٹڈ ویکسی نیشن کارڈ کے نفاذ کی آخری تاریخ میں 25 ستمبر 2026 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ توسیع کا باضابطہ نوٹیفکیشن کچھ ہی دیر میں جاری کر دیا جائے گا۔ اس اہم پیشرفت سے قبل، نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن کارڈ کے حصول کے لیے سینکڑوں مسافر اور عمرہ زائرین ایئرپورٹ ہیلتھ آفس میں موجود تھے۔
توسیع کے فیصلے سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں اور زائرین کو بڑی راحت مل گئی ہے، یاد رہے کہ محکمے نے کہا تھا کہ 14 ستمبر 2026 کے بعد نادرا سے مربوط ویکسینیشن ثبوت کے بغیر مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کریں؟ مسافروں اور عمرہ زائرین کیلئے انتہائی آسان طریقہ سامنے آگیا
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان نے 12 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان سے عمرہ کے لیے روانہ ہونے والوں کے لیے بین الاقوامی سفر کے دوران نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن ثبوت ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 7 ستمبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ شرط پولیو، میننجائٹس، زرد بخار اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن پر لاگو ہے۔
