کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے ہیلتھ سیکٹر ایونٹ ’23 ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنسز‘ کا آغاز ہو گیا۔
ای کامرس گیٹ وے کے مطابق 3 روزہ ’ہیلتھ ایشیا 2026‘ کا انعقاد 10 سے 12 ستمبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہو رہا ہے، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال ہیں۔
افتتاحی تقریب میں انڈونیشیا، ایران، ترکیہ اور روس کے سفارت کار بھی شرکت کریں گے، ہیلتھ ایشیا 2026 میں صحت کے مختلف شعبوں پر 26 کانفرنسز اور ورکشاپس منعقد ہوں گی، اور 10 سے زائد ممالک کے 30 سے زائد بین الاقوامی مقررین شرکت کریں گے۔
ای کامرس گیٹ وے کے مطابق نمائش میں امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، قطر، ترکیہ، چین، انڈونیشیا، فرانس، متحدہ عرب امارات اور فن لینڈ سمیت مختلف ممالک کی نمائندگی ہوگی، کراچی ایکسپو سینٹر کے 5 ہالز میں 600 سے زائد اسٹالز لگائے جائیں گے۔
نمائش میں جدید طبی آلات، سرجیکل مصنوعات اور میڈیکل ڈسپوزیبلز سمیت جدید ہیلتھ کیئر ٹیکنالوجی پیش کی جائے گی، اسپتال، جامعات، طبی ادارے اور ہیلتھ کیئر انڈسٹری سے وابستہ ملکی و بین الاقوامی ادارے شریک ہوں گے۔
ای کامرس گیٹ وے کا کہنا ہے کہ 23 ویں ہیلتھ ایشیا کا مقصد پاکستان کے صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، عالمی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

