اسلام آباد: پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کردیا گیا ، اضافے کا اطلاق آنے والی انسدادِ پولیو مہم سے ہی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے ملک بھر کے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے ان کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے بتایا کہ اس اضافے کا اطلاق آنے والی انسدادِ پولیو مہم سے ہی ہو گا۔
نیشنل ای او سی کے حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران فرنٹ لائن ورکرز کے ساتھ خصوصی ‘لسننگ سیشنز’ منعقد کیے گئے تھے، جن میں ورکرز نے اعلیٰ قیادت کے ساتھ براہِ راست اپنے مسائل، تجاویز اور خیالات شیئر کیے، جس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافہ ان کی بے لوث محنت، لگن اور ملک و قوم کے لیے قربانیوں کا اعتراف ہے۔
ان کا کہنا تھا لپ فرنٹ لائن ورکرز پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی قومی کوششوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
عائشہ رضا نے مزید کہا کہ اگلی ملک گیر انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں منعقد کی جائے گی۔

