طلبہ و طالبات کے لیے بڑی خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے طلبہ کے لیے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کرلیے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے تمام لائسنسنگ سینٹرز پر ای بائیک اسکیم کے خواہشمند طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت کردی۔
ترجمان کے مطابق تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز طلبہ و طالبات کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنائیں گے۔
طلبہ و طالبات ایک ہی دن میں موٹر سائیکل کا لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق ای بائیک اسکیم کے خواہشمند طلبہ کو لرننگ لائسنس کے بعد 42 دن انتظار نہیں کرنا پڑے گا، تاہم ای بائیک اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 8 روز کے دوران 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ رواں ماہ 6 ہزار 500 سے زائد جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری ہوچکے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ ای بائیک اسکیم کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ طلبہ و طالبات محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کریں اور بااعتماد ڈرائیور بن کر سڑکوں پر گاڑی چلائیں۔

