لاہور (7 ستمبر 2026): دورہ انگلینڈ کے دوران نظم وضبط کی خلاف ورزی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انکوائری شروع کر دی ہے۔
نیوز کے مطابق پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر ڈسپلن کی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ حرکت میں آ گیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پی سی بی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے میڈیا رپورٹس پر انکوائری شروع کر دی ہے اور بورڈ تمام معاملات کو پی سی بی قواعد و ضوابط کے مطابق دیکھ رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز اس معاملے پر پی سی بی کے آفیشل معلومات پر انحصار کریں۔
واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ میں ابتدائی دو ٹیسٹوں میں یکطرفہ شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ساتھ کھلاڑیوں کو پاکستان طلب کرتے ہوئے ان کے متبادل کھلاڑی پاکستان سے بھیجے تھے جب کہ دورے کے دوران ہی ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔
امام الحق، محمد رضوان اور سلمان علی آغا پاکستان واپس آ چکے ہیں جب کہ امام الحق کی مبینہ انجری سے متعلق پہلے کی انکوائری کی جا رہی ہے۔

