اسلام آباد : پٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کا ہدف مقرر کرتے ہوئے سفارشات وزیراعظم کو بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو شفاف بنانے اور مارکیٹ کو آزاد (ڈی ریگولیٹ) کرنے کے حوالے سے اہم سفارشات پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کا ممکنہ ہدف مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔
سفارشات کا بنیادی مقصد قیمتوں کو بتدریج مارکیٹ اور آزاد مسابقتی نظام پر منتقل کرنا اور صارفین کو اچانک اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
کمیٹی کی تیار کردہ حتمی رپورٹ جلد منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
ہنگامی حالات میں ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو روکنے کے لیے حکومتی مداخلت کے واضح رہنما اصول طے کر لیے گئے ہیں۔
انلینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن کے تعین کے لیے نظرثانی شدہ طریقہ کار پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
اوگرا کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی کارکردگی پر تحریری سفارشات تیار کرنے اور ڈی ریگولیشن کے پیش نظر مناسب ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اوگرا حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مالی سال 2026 کا آڈٹ اسی سال کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔

