پشاور : بٹیر کے شکار کیلیے سمال گیم ہنٹنگ لائسنس لازمی قرار دیتے ہوئے لائسنس فیس 8 ہزار مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے عام بٹیر اور رین بٹیر کی ٹریپنگ سیزن 2026-27 کا اعلان کردیا۔
وائلڈ لائف اعلامیے میں کہا گیا کہ بٹیر کی ٹریپنگ 15 اکتوبر 2026 تک ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کی جاسکے گی۔
اعلامیے میں کہنا تھا کہ بٹیر کی ٹریپنگ کے لیے سمال گیم ہنٹنگ لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایک لائسنس پر روزانہ زیادہ سے زیادہ 15 بٹیر پکڑنے کی اجازت ہوگی۔
وائلڈ لائف حکام نے بتایا کہ بغیر لائسنس بٹیر پکڑنے والوں کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ 2015 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ٹریپنگ کے لیے صرف منظور شدہ روایتی طریقہ استعمال کیا جاسکے گا، جبکہ بٹیر کی کالنگ یا ٹریپنگ کے لیے الیکٹرانک گیجٹس کے استعمال پر پابندی ہوگی۔
اعلامیے میں بٹیر کی ٹریپنگ لائسنس فیس 8 ہزار روپے جبکہ پوزیشن لائسنس فیس 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔ بٹیر کو کسی بھی شکل یا ذریعے سے گولی مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وائلڈ لائف حکام نے غیرقانونی ٹریپنگ کی روک تھام کے لیے فیلڈ اسٹاف کو مؤثر نگرانی کی بھی ہدایت کردی ہے۔

