لاہور: پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران بغیر کاغذات موٹرسائیکل چلانے والے 8,897 افراد کے خلاف کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں قانون شکن عناصر کے خلاف اسنیپ چیکنگ اور انسدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
ترجمان پولیس نے رواں سال کی کارکردگی کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ اب تک 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد گاڑیوں جبکہ 6 لاکھ 74 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کی اسنیپ چیکنگ کی جا چکی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بغیر کاغذات موٹر سائیکل چلانے پر 8,897 افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔
اپلائیڈ فار کی حامل 177 موٹر سائیکلیں اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر 422 موٹر سائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کر دی گئیں جبکہ عمومی انسدادی کارروائی کے تحت مزید 265 موٹر سائیکلیں بھی مختلف تھانوں میں بند کروائی گئی ہیں۔
دوسری جانب جمعۃ المبارک کے پیش نظر لاہور بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام اہم مساجد، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کے اطراف سیکیورٹی اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

