کراچی (2 ستمبر 2026): پاکستان کرکٹ بھونچال کا شکار ہے گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہونے والے مصباح الحق کے استعفیٰ کی پس پردہ وجہ سامنے آ گئی۔
دورہ برطانیہ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم میں بھونچال آ گیا ہے۔ دورے کے دوران ہی ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور سات کھلاڑیوں کو پاکستان بلا کر 6 کھلاڑیوں کو واحد باقی رہ جانے والے میچ کے لیے انگلینڈ بھیجا ہے۔
گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان مصباح الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کی وجہ برطانیہ کے لیے کھلاڑی بھیجنے پر مشاورت نہ کرنا بیان کی تھی۔
تاہم اب ان کے استعفیٰ کی پس پردہ وجہ سامنے آ گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق سمیت سلیکشن کمیٹی کے تمام مبران کو نوٹس دیا گیا تھا، جس میں ان سے کھلاڑیوں کی سلیکشن سے متعلق سوالات کرتے ہوئے محمد رضوان اور امام الحق کو دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب کرے کی وجہ پوچھی گئی ہے۔
نوٹس میں پوچھا گیا ہے کہ آپ کی سفارشات کی بنیاد پر دونوں کھلاڑیوں کو شامل کیا تھا۔
اس نوٹس میں سلیکٹرز تحریری طور پر اپنا اپنا جواب 24 گھنٹے میں جمع کروانے اور نوٹس کو غیر معمولی اہمیت کا سمجھ کر جواب دینے کی ہدایت بھی کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹس ملنے کے بعد مصباح الحق نے بحیثیت سلیکٹر مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور پی سی بی کو بذریعہ ای میل اپنا استعفیٰ ارسال کیا۔
واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی میں عاقب جاوید، سرفراز احمد، اسد شفیق بھی شامل ہیں اور تمام سلیکٹرز کو پی سی بی کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

