چکوال : 12 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا ، بچی کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق چکوال میں 12 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار پیر سید عبداللہ شاہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کو اسلحہ برآمدگی کے لیے لے جایا جارہا تھا کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ملزم سید عبداللہ شاہ اپنے ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ چند روز قبل میانوالی سے دم کروانے کے لیے چکوال آنے والی 12 سالہ یتیم بچی کے رشتے داروں نے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
مقدمے کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے کہا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
