اسلام آباد: پمز اسپتال میں 14 بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر فوجداری کارروائی کے تحریری احکامات جاری نہ ہو سکے۔
اسلام آباد میں پمز اسپتال میں چودہ بچوں کی ہلاکت کے کیس میں معطل ہونے والے 8 افسران کے خلاف فوجداری کارروائی شروع نہ کی جا سکی، فوجداری کارروائی کے تحریری احکامات ہی تاحال جاری نہیں کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں مقدمہ درج ہوگا یا نہیں؟ حکومتی احکامات کا انتظار کیا جا رہا ہے، وزرات صحت بھی فوجداری کارروائی کے حوالے سے فیصلہ نہیں کر سکی ہے، اور پولیس کو بھی وزرات صحت کی جانب سے استغاثہ کا انتظار ہے۔
پولیس نے سانحے کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ درج کر رکھی ہے، اور قانونی مشاورت کا عمل بھی جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلے کے بعد استغاثہ تیار کیا جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے سے درج 174 کی رپورٹ بھی مقدمہ میں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، رپورٹ مقدمے میں تبدیل ہونے کے بعد باقاعدہ انویسٹی گیشن شروع ہو جائے گی۔

