دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر محمد رضوان اور امام الحق کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے، محمد رضوان کو ان کی ناقص کارکردگی پر پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی انجری پر تحقیقات جاری ہیں، انھیں بھی وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے، جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صائم ایوب،عرفات منہاس اور عبداللہ فضل سمیت 6 کھلاڑیوں کو برمنگھم بلا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن کو برمنگھم ٹیسٹ میں ٹیم کے تمام معاملات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو لارڈز ٹیسٹ میں بھی آؤٹ کلاس کر دیا ہے، چوتھے روز انگلش ٹیم دوسری اننگ میں 208 رنز پر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 389 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں گرین کیپس کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوئی اور ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
عبداللہ شفیق صفر، محمد رضوان ایک، کپتان بابر اعظم اور اذان اویس 6، 6 رنز بنا سکے، شان مسعود نے 26 رنز اسکور کیے جب کہ مڈل آرڈر سعود شکیل 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انگلینڈ نے 16 سال بعد پاکستان کو لارڈز میں شکست دی ہے، اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے 3ن میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

