پشاور: پولیس افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد اضافہ متوقع ہے، حتمی منظوری کی صورت میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کے لیے دہشت گردی کے خلاف فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو ہارڈ ایریا الاؤنس دینے سے متعلق سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے پولیس کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوائی تھیں، اب ہارڈ ایریاز کی نشاندہی کرکے متعلقہ اضلاع کی تفصیلات وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا تھا کہ صوابی اور ہزارہ ڈویژن کے علاوہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دینے کی تجویز دی جائے گی۔
سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوانے کے بعد حتمی منظوری کی صورت میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
مجوزہ اقدام کے تحت پولیس افسران و اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے سے متعلق پہلا خط مارچ 2025 میں وفاقی حکومت کو ارسال کیا گیا تھا۔
خیبرپختونخوا پولیس پہلے بھی دہشت گردی کے خلاف اپنی ذمہ داریوں اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں تنخواہوں کے فرق کی بنیاد پر ہارڈ ایریا اسٹیٹس کا مطالبہ کرچکی ہے

