راولپنڈی : فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد سے ملاقات میں کہا نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتوں کے استعمال پرتوجہ دینی چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران علاقائی و عالمی صورتحال اور پاکستان کے سیکیورٹی تناظر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں میں تعلیم، ہنر کی ترقی اور کاروباری صلاحیتوں کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ موجودہ دور میں حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا انتہائی ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل نے بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال میں نوجوانوں کے مثبت اور بامعنی کردار کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے سے متاثرہ موجودہ دنیا میں حقائق پر مبنی تجزیہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کے دوران اپنے شاندار تجربات کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام کی کشادہ دلی اور گرمجوشی کو سراہا۔
طلبہ نے پاکستان میں موجود وسیع امکانات اور مواقع کی بھی تعریف کی۔

