اسلام آباد (27 اگست 2026): وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا فیصلہ نہ ہو سکا افتخار گیلانی کو نامزد کرنے پر اختلاف سامنے آ گیا۔
نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا فیصلہ نہ ہو سکا اور ٹیکنو کریٹ نشست پر منتخب ہونے والے افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کرنے پر اختلاف سامنے آ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے سے نامزد وزیراعظم شاہ غلام قادر کو صدر آزاد کشمیر کے عہدے کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا اور اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
شاہ غلام قادر اور راجا فاروق حیدر نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا جب کہ وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہونے کے باعث آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس التوا کا شکار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے اگلا اجلاس کل (جمعہ) کو ہوگا۔
دوسری جانب شاہ غلام قادر کا کہنا ہے کہ عوام کے عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ ہم نواز شریف کے نعرے ووٹ کو عزت دو کو یقینی بنائیں گے۔

