ویب ڈیسک :بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہریانوی گلوکار اور معروف یوٹیوبر انکت بالیان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انکت بالیان جم سے ورزش کے بعد باہر نکل رہے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح حملہ آوروں نے انکت بالیان کو گھیر کر فائرنگ کی۔ حملہ آوروں نے ان پر متعدد گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گلوکار پر مجموعی طور پر 18 گولیاں فائر کی گئیں۔
پولیس نے واقعے کے بعد مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی، جبکہ حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرکے ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور ان کی نقل و حرکت کا پتا چلایا جاسکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکت بالیان سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبولیت رکھتے تھے اور ان کے یوٹیوب چینل کو 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد صارفین فالو کرتے تھے۔ وہ اپنی ویڈیوز میں کئی معروف گلوکاروں، فنکاروں اور پرفارمرز کے ساتھ دکھائی دیتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق انکت بالیان کی متعدد ویڈیوز میں اسلحے کی نمائش، فائرنگ اور لگژری گاڑیوں کو بھی نمایاں کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ یہ قیاس آرائیاں بھی گردش کر رہی ہیں کہ وہ آئندہ ہونے والے پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم اس حوالے سے پولیس یا مقتول کے قریبی افراد کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
پولیس نے تاحال قتل کے محرکات کے بارے میں کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کیا، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

